کرونا عالمی وبائ، شکست دینے کیلئے ملکر کوششیں کرنا ہوں گی، شبلی فراز: پاکستان ہمارے لئے رول ماڈل، برطانوی ہائی کمشنر

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ کرونا کی آ زمائش کی اس گھڑی میں برطانوی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔کرونا نے پوری دنیا کی معیشتوں کو متاثر کیا۔ نیشنل کمانڈ ایندآپریشن سنٹر (این سی او سی) ملک میں کرونا کے خلاف مربوط کاوشوں کا مرکز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، کوویڈ 19 صورتحال اور میڈیا کے شعبہ میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ مختلف علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میںکرونا وبا کے باعث اموات پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ آزمائش کی اس گھڑی میں برطانیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ کرونا عالمی وبا ہے، اسے شکست دینے کیلئے مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہم پہلے دن سے سے عوام کو کرونا سے محفوظ رکھنے اور معاشی مشکلات سے بچانے کی متوازن حکمت عملی پر کاربند ہیں۔ ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کارگر ثابت ہورہی ہے۔ کرونا نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کیلئے قرضوں میں ریلیف کیلئے خصوصی کاوشوں کا آغاز کیا۔ خوشی ہے کہ جی 20 ممالک قرضوں میں ریلیف کی فراہمی کیلئے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ این سی او سی کرونا کے خلاف قومی کاوشوں کو مربوط بنانے کا مرکز ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے برطانوی سفیر نے کہا کہ پاکستان جس انداز سے کرونا چیلنج سے نبرد آزما ہوا وہ ہمارے لیے رول ماڈل ہے۔ پاکستان اور برطانیہ دونوں دوست ممالک ہیں۔ کرونا وبا کے خلاف کاوشوں میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اسلام آباد (کلچرل رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ فنکاروں کو ان کے کام کی رائلٹی ملنا ان کا حق ہے، کاپی رائٹس کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے، فلم ٹاسک فورس کا قیام جلد از جلد عمل میں لایا جائے گا جس میں حکومتی عہدیداروں کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری سے وابستہ ناموں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو فلمی صنعت سے وابستہ فنکاروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی، ڈائریکٹر جنرل الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز عمرانہ وزیر، چیئرمین سنٹرل فلم سنسر بورڈ دانیال گیلانی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فلمی صنعت کو درپیش مسائل اور ان کے مجوزہ حل زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے فنکار ہماری شناخت اور قومی اثاثہ ہیں، ملکی ثقافت کے فروغ اور قومی تشخص کو پروان چڑھانے میں ان کا کلیدی کردار ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت فنکاروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تخلیقی سوچ کی حوصلہ افزائی معاشرے کے نمو کیلئے ضروری ہے۔ سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی نے کہا کہ فلم پالیسی کو اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بنایا گیا تھا، اس میں مزید بہتری کیلئے تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔ وزارت اطلاعات ملک بھر کے آرٹسٹوں کا ڈیٹا بیس تشکیل دے رہی ہے جو ان کی مالی امداد کیلئے معاون ثابت ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن