ٹائیگر فورس کی تقریب‘ لیگی ایم پی اے اشرف انصاری شریک‘ عمران کی تعریفیں

Jul 07, 2020

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) لیگی ایم پی اے اشرف انصاری نے معاون خصوصی برائے نوجواناں عثمان ڈار سے دوران پروگرام کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کی جیکٹ پہن لی اور ساتھ ہی دوران تقریر عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے کام کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے یو این او میں تقریر کر کے عوام کے دل جیت لیے تھے۔ واضح رہے کہ لیگی ایم پی اے اشرف علی انصاری اس قبل وزیر اعلی پنجاب سے متعدد بار ملاقاتیں کر چکے ہیں جس پر انہیں پارٹی کی طرف سے شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔ لیکن اشرف علی انصاری اپنے بھائی یونس علی انصاری کی معاونت سے پاکستان تحریک انصاف کے مقامی سطح پر ہونے والے پروگرام میں بھرپور شرکت کرتے نظر آ رہے ہیں جبکہ نجی ٹی وی پر اشرف انصاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری پارٹی نے الیکشن میں میرے خلاف بھی ایک شخص کو سپورٹ کیا۔ میں الیکشن میں لیگ اور پی ٹی آئی دونوں امیدواروں کو شکست دے کر اسمبلی میں پہنچا ہوں۔ پارٹی کے ساتھ غداری نہیں کی۔ علاقے کے فنڈ کیلئے وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملتا رہتا ہوں اور آگے بھی ملتا رہوں گا۔ آن لائن کے مطابق گوجر انوالہ میں کرونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تقریب میں مسلم لیگ ن کے اشرف انصاری نے شرکت کی جہاں انہیں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نو جواناں عثمان ڈار نے ٹائیگر فورس کی کیپ اور جیکٹ پہنا ئی۔ اس کے بعد انہوں نے تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ میں (ن) لیگ کی ٹکٹ پر ایم پی اے بنا مگر آج آپ لو گوں کے سامنے کھڑا ہوں۔ انسان میں اتنی ہمت اور طاقت ہو نی چاہئے کہ وہ اچھے کو اچھا اور برے کو برا کہہ سکیں۔ عمران خان نے جب یو این میں حضرت سیدنا محمدﷺ کا اسم مبارک لیا تو دل کو سکون ملا۔ اقوام متحدہ میں وزیراعظم کی تقریر سنی۔ عمران خان کی اسلام اور مسلمانوں کی ترجمانی سے متاثر ہو کر ہم ان کے ساتھی بن گئے۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہو ئے کہاکہ جب تک آپ اس قوم کو یکجا کرکے رکھیں گے ہم آپکا ساتھ دیتے رہیں گے اگر ہمیں لگا کہ آپ نے اپنی سمت تبدیل کر دی ہے تو پھر ہم آپکی حمایت چھوڑ دینگے۔

مزیدخبریں