اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی نمائندہ+ شہنوا ) دنیا بھر میں ایک کروڑ 15 لاکھ افراد کو اپنا شکار بنانے والے مہلک کرونا وائرس کے پاکستان کو متاثر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 33ہزار 646 جبکہ اموات 4 ہزار 818 تک پہنچ گئیں۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کرونا سے متاثر، قرنطینہ میں چلے گئے۔ کرونا وائرس کے 2629 نئے کیسز اور 73 اموات رپورٹ ہوئیں۔ مزید ایک ہزار 819 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔ صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے ایک ہزار 708 کیسز اور 46 اموات کی تصدیق ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پچھلے 24 گھنٹے میں 12 ہزار 479 افراد کے ٹیسٹ کیے ، ایک ہزار 708میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔اموات کی مجموعی تعداد ایک ہزار 572 ہوگئی۔ صوبے میں 40 ہزار 809 افراد زیر علاج ہیں جن میں 38 ہزار 875 افراد گھروں میں آئسولیشن میں، 327 آئسولیشن مراکز میں جبکہ ایک ہزار 607 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ 623 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، 95 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس نے مزید 646 افراد کو متاثر کیا، 13 افراد کی ہلاکت۔ مجموعی کیسز81 ہزار 963 ۔ اب تک ایک ہزار 884 مریض اس وبا کے سبب لقمہ اجل بنے۔خیبر پختونخوا میں کرونا کے 120 نئے کیسز کی تصدیق ، صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار 236 ہوگئی۔مزید 10 مریض جاں بحق بھی ہوئے، اموات کی تعداد 1038 ہوگئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس سے مزید 85 افراد متاثر ہوئے جبکہ 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ مجموعی کیسز 13 ہزار 494 تک پہنچ گئے۔ اموات کی تعداد 137 ہوگئی۔گلگت بلستان میں کرونا وائرس نے مزید 16 افراد کو اپنا شکار بنایا۔ مجموعی تعداد ایک ہزار 561 ہوگئی،کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔آزاد کشمیر میں مزید ایک فرد لقمہ اجل بنا اور 54 متاثر ہوئے۔ متاثرین کی تعداد ایک ہزار 342 تک جا پہنچی جبکہ اموات 37 ہوگئیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں ایک ہزار 819 مریض اس وائرس سے مکمل شفایاب ہوگئے۔پاکستان میں 4 ماہ سے زائد عرصے میںشفا پانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 31 ہزار 649 ہوگئی۔ دوسری طرف معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے،ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹر پر پیغام میں کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا میں نے خودکوگھرمیں قرنطینہ کرلیاہے، مجھ میں کرونا کی علامات ظاہر ہو چکی ہیں، قوم سے صحت یابی کیلئے دعاؤں کی اپیل ہے۔ دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 15 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ ہلا کتوں کی تعداد 5 لاکھ 36 ہزار سے زائد ہو گئی۔ عالمی وبا کرونا وائرس سے اب تک 65 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ۔ امریکہ میں کرونا سے مزید 251 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 29 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہو گئی۔ برازیل میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 535 افراد کرونا کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد برازیل میں اموات کی تعداد 64 ہزار 9 سو سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 16 لاکھ 4 ہزار سے زائد ہو گئی۔ روس میں گزشتہ روز کرونا کی وجہ سے 134 افراد کی موت واقع ہوئی جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 81 ہزار سے زائد ہے۔ بھارت میں کرونا سے ایک دن میں 421 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ بھارت میں 6 لاکھ 97 ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19 ہزار سے بڑھ گئی ۔ برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 44 ہزار 2 سو سے بڑھ گئی جبکہ 2 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہیں۔ اٹلی میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار 8 سو سے تجاوز کر گئی جبکہ دو لاکھ 41 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ سپین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28ہزار تین سو سے تجاوز کر گئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد دو لاکھ 97ہزار سے تجاوز کر گئی۔ پیرو میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10ہزار سے تجاوز کر گئی جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 3لاکھ 2ہزار سے زائد ہے۔
کرونا: مزید 73 جاں بحق، سندھ میں کیس بڑھنے لگے، ڈاکٹر ظفر مرزا کا ٹیسٹ پازیٹو
Jul 07, 2020