اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ نمائندہ نوائے وقت) پاک فوج کی جانب سے اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر تاریخ رقم کرنے والے دو عظیم سپوتوں شہید کیپٹن کرنل شیر خان (نشان حیدر) اور حوالدار لالک جان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ جن کا تعلق صوابی خیبر پی کے اور خضر‘ گلگت بلتستان سے تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے سے بڑھ کر کوئی اعزاز نہیں۔ قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے۔ ملکی دفاع کیلئے ڈٹے رہنا ہی دھرتی ماں کے بیٹوں کا شیوا ہے۔ یہ عظیم شہداء ہمارے جنگی ہیرو ہیں۔ شہداء نے اپنے خون سے عزم و ہمت کی تاریخ رقم کی۔ نشان حیدر حاصل کرنے والے حوالدار لالک جان کا 21 واں یوم شہادت آج 7 جولائی بروز منگل کو منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں تقریبات ہوں گی۔ وہ 15 فروری 1968ء کو ہندور میں پیدا ہوئے۔