لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے 93 اسیروں کی لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے پر کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ بے گناہ کارکنوں کی ضمانت منظور ہوئی۔ ان کے بے گناہ ہونے کا فیصلہ سنائے جانے کے منتظر ہیں، یہ وہ اسیر کارکنان تھے جو شریف برادران کے عہد اقتدار میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم اور قتل عام کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے پر جھوٹے مقدمات میں ملوث کر دیئے گئے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ضمانتیں منظور ہونے پر اسیر کارکنان کو بھی دل و جان سے مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے اشرافیہ کا ہر طرح کا ظلم برداشت کیا لیکن ظلم کے سامنے سر نہیں جھکایا، جنہوں نے اپنی زندگی کے مشکل ترین دن صبرو تحمل کے ساتھ گزارے اور اپنے لبوں پر کبھی حرف شکایت نہیں لائے، ایک نظریہ کے تحت مسکراتے چہرے کے ساتھ قید و بند کی سختیاں جھیلنے والے کارکن پوری تحریک کے کارکنوں کیلئے رول ماڈل ہیں۔ جب مجھے بتایا گیا کہ 6جولائی کو ضمانت کی درخواست پر سماعت ہے تو میں ساری رات نہیں سو سکا، کارکنوں کی رہائی کے لئے اللہ کے حضور دعا گو رہا اور الحمدللہ، اللہ تعالیٰ نے دعاؤں اور کارکنوں کے صبر و استقامت کو شرف قبولیت بخشا۔