ماہی گیر کمیونٹیز کااجلاس‘ پیپلزپارٹی پر شدید ناراضگی کا اظہار

کراچی (نیوز رپورٹر)کراچی کی قدیم ساحلی بستیوں جزیرہ شمس پیر،نیم جزیرہ یونس آباد،ککہ پیر ولیج اور صالح آباد کی سرکردہ اہم شخصیات و بزرگوںکا اجلاس سندھی ماہیگیر اتحاد اور یونس آباد فشرمین ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر فیصل یونس کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں کراچی ویسٹ کی قدیم ماہیگیر آبادیوں کے بنیادی مسائل کو کئی برسوں سے مسلسل نظر انداز کرنے اور انکے حل میں عدم دلچسپی پر پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت تا صوبائی قیادت اور سندھ حکومت پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا گیا،اجلاس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اسکے امیدواروں کو شہید بھٹو اور شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو کی عقیدت میںوالہانہ ووٹ دیکر کامیاب کرنے کے باوجود پورا کوسٹل بیلٹ پانی،صحت ،صفائی،تعلیم جیسے بنیادی مسائل میں مبتلا ہے جبکہ ترقیاتی کاموں میں ہمارے علاقوں کومسلسل نظر انداز کیا گیا، اسی طرح مقامی آبادیوں پر جب بھی مشکل وقت آیا ،پارٹی اور اسکی مقامی قیادت و قومی و صوبائی نمائندوں نے انہیں تنہا چھوڑ دیا جسکی تازہ مثال الیکشن کمیشن کی جانب سے حالیہ ڈی لمیٹیشن کے وقت جو کام پیپلز پارٹی یا اسکے منتخب نمائندوں کو کرنا چاہئے تھا،وہ ہمیں اپنے علاقوں،اپنی زمینوں اور اپنی حدود کو بچانے کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت کرنا پڑا۔ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیاکہ آج کے بعد سے کوسٹل بیلٹ کراچی ویسٹ کے ماھیگیر سیاسی طور پر مکمل غیر جانبدار رہینگے،اسوقت تک جب تک بلاول بھٹو زرداری،وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے انکے باختیار نمائندے ہمارے اجتماع میں آکر ٹھوس عملی یقین دھانی نہ کروادیں۔

ای پیپر دی نیشن