مری میں پتریاٹہ چیئر لفٹ اینڈ کیبل سسٹم کی ڈیجٹلائزیشن کا فیصلہ 

Jul 07, 2021

لاہور(وقائع نگار)محکمہ سیاحت نے مری میں پتریاٹہ چیئر لفٹ اینڈ کیبل سسٹم کی ڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ کیا ہے۔ 15 جولائی سے پتریاٹہ کیبل سسٹم کی ای ٹکٹنگ کا تجرباتی آغاز کیا جائے گا۔ ڈیجیٹائزیشن پراجیکٹ میں پیشرفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت آصف محمود نے اس امید کا اظہار کیا کہ پتریاٹہ چیئر لفٹ کی ڈیجیٹائزیشن سے سیاحوں کو آسانی میسر آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ پتریاٹہ میں 3 ٹکٹ کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پتریاٹہ میں شہریوں کو انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کرنے کا جائزہ لیا ۔جبکہ ٹکٹنگ کے عمل میں شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔ مشیر سیاحت نے ہدایت کی کہ پتریاٹہ میں کسی بھی سطح پر مفت پاس ایشو نہ کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی سردار عثمان بزدار وی آئی پی کلچر کیخلاف ہیں۔آصف محمود نے یہ ہدایت بھی کی کہ تمام سیاحتی مقامات پر کورونا ایس او پیز پر لازمی عملدرآمد ہونا چاہیئے کیونکہ ابھی خطرہ مکمل طورپر ٹلا نہیں۔ 

مزیدخبریں