لاہور (اسپورٹس رپورٹر) کشمیر پریمیئرلیگ( کے پی ایل )کے حوالے سے پی ایس ایل فرنچائزز نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو خط لکھ دیا۔کشمیر پریمیئر لیگ کا انعقاد اگست میں مظفرآباد میں ہو رہا ہے،گذشتہ روز پی ایس ایل کی تمام 6 فرنچائزز نے مشترکہ طور پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو ای میل میں کے پی ایل کے انعقاد اور بورڈ کی جانب سے اجازت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ٹیم مالکان کے مطابق ہم نے ایونٹ کے حوالے سے کئی بار اپنی تشویش سے آگاہ کیا اب آپ کے سامنے مشترکہ احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں، جب پی ایس ایل کے قیام کیلیے ہم پی سی بی سے ملے تو ہمیں یقین دلایا گیا تھا کہ یہ ملک کا واحد ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ہوگا، مگر اب ایک اور لیگ کے انعقاد اور ملکی و غیرملکی کرکٹرز کو شمولیت کی اجازت دے دی، بالکل پی ایس ایل کے انداز میں ڈرافٹ کا انعقاد کیا گیا، کے پی ایل کو منی پی ایس ایل سمجھا جائے گا، قومی ٹی 20 کپ پہلے ہی ڈومیسٹک کیلنڈر کا حصہ ہے، اب کے پی ایل کا انعقاد پی ایس ایل کی قدر کو کم کردے گا۔