کراچی کے بعد اسلام آباد  زیادہ ٹیکس ادا کرنیوالا شہر ہے،سردار یاسر الیاس

Jul 07, 2021

 اسلام آباد ( اے پی پی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر سردار یاسرالیاس خان نے کہا ہے کہ کراچی کے بعد اسلام آباد سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والا شہر ہے،اسلام آباد چیمبر میڈ ان پاکستان ڈائریکٹری شائع کررہا ہے جس میں پاکستان کی ایکسپورٹس میں نمایاں کردار کے حامل ایکسپورٹرز،تجارتی مشنز شامل ہونگے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روزکونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹ(سیج) کراچی کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کے دوران کہی۔سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ ایک بیلنس بجٹ ہے تاہم بجٹ میں موجود ٹیکس دہندگان پر مزید پریشر ڈالا گیا ہے، ٹیکس کے معاملے پر ایف بی آر کو گرفتاری کے اختیارات دینا غلط ہے۔سردار یاسرالیاس خان نے کہا کہ ایف بی آر اور ٹیکس دہندگان کے درمیان بھروسہ قائم کرنے کی ضرورت ہے، سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے تاجر ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں۔ صدراسلام آباد چیمبر نے کہاکہ حکومت میں سیاحت کے فروغ پر اہم اقدامات اٹھائے ہیں، ہم گاڑیاں سستی کرنے کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہیں۔

مزیدخبریں