اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آئیوری کوسٹ کی وزیر خارجہ مسز کانڈیا کامیسوکو کیمارا (Mrs. Kandia Kamissoko Camara) کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میںدو طرفہ تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، آئیوری کوسٹ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ آئیوری کوسٹ میں پاکستانی سفارتخانے کا قیام اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان براعظم افریقہ میں آئیوری کوسٹ کو کس اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آئیوری کوسٹ کے مابین بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کا فروغ خوش آئند ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم، اقتصادی سفارت کاری کے تحت آئیوری کوسٹ سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے متمنی ہیں۔ آئیوری کوسٹ کی وزیر خارجہ مسز کانڈیا کامیسوکو کیمارا نے مختلف شعبہ جات میں پاکستان کی معاونت کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آئیوری کوسٹ کی وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔
شاہ محمود کا آئیوری کوسٹ کی وزیر خارجہ سے رابطہ‘ دورے کی دعوت
Jul 07, 2021