راولپنڈی+ گوادر (آئی این پی + این این آئی) محکمہ کسٹمز ایکسپورٹ سیکشن نے کارروائی کرتے ہوئے 30 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئین برطانیہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، دو افراد گرفتار جبکہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پر گوادر میں کارروائی کرتے ہوئے 93 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ کسٹمز نے برطانیہ بھیجے جانے والے سامان سے 30 کلو گرام ہیروئین برآمد کرلی گئی، ہیروئین کو انتہائی مہارت سے لیڈیز ملبوسات میں چھپایا گیا تھا۔ حکام کے مطابق اے این ایف نے لیڈیز ملبوسات سے بھرے کاٹن کو کلیئر کردیا تھا۔ خفیہ اطلاع پر کسٹم کلکٹر جنید جلیل خان نے سامان کو روکنے اور سکریننگ کی ہدایت کی، سامان کو سعودی ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے لندن کیلئے بک کرایا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ایکسپورٹرز اور کلیئرنگ ایجنٹ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ادھر ترجمان کوسٹ گارڈزکے مطابق منشیات گوادرکے علاقے نیوٹاون ایئرپورٹ روڈ کے پاس چھپائی گئی تھی، پکڑی جانے والی منشیات سمندر کے راستے بیرونِ ملک سمگل ہونا تھی۔
کسٹمز، کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں، 123کلو ہیروئن برآمد، 2 افراد گرفتار
Jul 07, 2021