اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین آٹھ سے 10 دن میں تیار ہو جائے گی بلدیاتی انتخابات میںاس کی آزمائش کر سکتے ہیں،ایسی معیاری الیکٹرانک اشیاء بنانے پر توجہ ہے جو بجلی کم سے کم استعمال کریں۔ کم گیس استعمال کرنے والے گیزر بھی متعارف کرائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت کے دفتر میں صحافیوںسے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وینٹی لیٹر ، سینیٹائزر اور سستے پانی کے حوالے سے وزارت کے منصوبوں کا جواب دینے سے گریز کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین مکمل تیاری کے بعد اپوزیشن اور اسٹیک ہولڈرز کو فراہم کی جائے گی، جسے کہیں بھی ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے۔وزیر سائنس ٹیکنالوجی نے مزید کہاکہ ای وی ایم یوزر فرینڈلی ہوگی، 2 دن تک مشین کی بیٹری چارج رہ سکے گی، ابھی 10 تا 20 مشینیں بنائی جائیں گی، اس مشین میں ووٹ ضائع ہونے کا کوئی چانس نہیں ہوگا اور یہ خراب بھی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کی قیمت کا تعین بھی کچھ روز میں کردیا جائے گا، اس کی قیمت تخمینہ 65 سے 80 ہزار روپے تک ہے۔ ، یہ منفی 10 تا 55 ڈگری سینٹی گریڈ پر کام کرسکے گی۔شبلی فراز نے کہا کہ کسی ضمنی انتخاب میں ای وی ایم کا تجربہ کریں گے، مستقبل میں 2 ہزار مشینیں روزانہ کی بنیاد پر بناسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ نسٹ اور کامسیٹس اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس تینوں ادارے مل کر ای وی ایم بنا رہے ہیں، ووٹ ڈالنے کے الیکٹرانک ریکارڈ کے ساتھ پیپر بیلٹ بھی ہوگا، پیپر بیلٹ کے لیے استعمال شدہ کاغذ 5 سال تک خراب نہیں ہوگا اور کسی بھی وقت ووٹ کو چیک کیا جاسکے گا تاہم ووٹرز کی رازداری برقراررہے گی۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشین جلد تیار،بلدیاتی انتخابات میں آزمائش کر سکتے ہیں،شبلی فراز
Jul 07, 2021