اسلام آباد: وزیرِ اعظم نے آزاد کشمیر میں انتخابات پر بڑا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان پی ٹی آئی کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں 25 جولائی کے روز انتخابات سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ 12 جولائی کو وزیر اعظم میرپور میں جلسے سے خطاب کریں گے۔
عوام کا جمِ غفیر، پی ٹی آئی کے کارکنان اور سیاسی رہنماؤں سمیت ہر طبقۂ فکر کے لوگ آزاد کشمیر میں بڑی تعداد میں وزیرِ اعظم عمران خان کا خطاب سننے کیلئے 12 جولائی کے روز جمع ہوں گے، عمران خان عوام کا لہو گرمائیں گے۔
انتخابات سے قبل وزیر اعظم عمران خان 18 جولائی کے روز باغ اور 23 جولائی کو مظفر آباد میں بھی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اس حوالے سے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیر برائے امورِ کشمیر علی امین گنڈا پور اور بیرسٹر سلطان محمود نے ملاقات کی۔ اس دوران آزاد کشمیر میں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے معاملات پر گفتگو ہوئی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل حکومت نے آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کیلئے پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے ہزاروں جوانوں کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔
گزشتہ روز حکومت نے آزاد جموں وکشمیر میں انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی انتظامات سخت کردئیے۔ پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی تعیناتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پاک فوج کے 19 ہزار جوان آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کے دوران خدمات سرانجام دیں گے۔ رینجرز اور پنجاب کانسٹیبلری کے 4 ہزار اہلکاروں کو سیکیورٹی کیلئے تعینات کیا جائے گا۔