اسلام آباد: پاکستان نے کورونا پر قابو پانے والے ممالک کی فہرست میں اہم مقام حاصل کر لیا ۔جس پر وزیرِ اعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ میں این سی او سی ممبران، احساس پروگرام کی ٹیم اور اسٹیٹ بینک کو کورونا کا مؤثر ردِ عمل دینے کیلئے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ سب سے زیادہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ پاکستان کورونا وائرس پر قابو پانے والے بہترین ممالک کی فہرست میں اہم مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی جریدے اکنامسٹ نے پاکستان کو کورونا پر قابو پانے والے ممالک اور خطوں کی فہرست میں ہانگ کانگ اور نیوزی لینڈ کے بعد تیسرا سب سے اہم مقام دیا ہے۔ جس کی بنیاد وائرس کے خلاف اسکورنگ پر رکھی گئی۔
بھارت میں کورونا کی صورتحال بے حد خراب ہے جسے 46.5 کے اسکور کے ساتھ فہرست میں 48ویں پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔ چین کا اسکور 72.9 رہا جو فہرست میں 19واں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکا، پاکستان ہمسایہ ممالک سے آگے نکل گیا۔اکنامسٹ کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کا اسکور 84.4 رہا جسے فہرست میں تیسرے مقام پر رکھا گیا ہے۔ امریکا 72.8کے اسکور کے ساتھ فہرست میں 20ویں مقام پر ہے۔ پاکستان کے بعد اگلا اہم ترین ملک نائیجیریاہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا کے 1 ہزار 517 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17 مزید شہری انتقال کر گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے مجموعی طور پر 9 لاکھ 66 ہزار 7 افراد متاثر ہوئے جبکہ وائرس کے باعث 22 ہزار 469 شہری جان کی بازی ہار گئے۔