بجلی 5 روپے یونٹ سستی کرنے کا ریلیف پیکج یکم جون سے ختم : پٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم کئے جائیں : پبلک اکاؤنٹس کمیٹی 

Jul 07, 2022

اسلام آباد (نامہ نگار) نیپرا نے سابق وزیراعظم عمران خان کا بجلی پانچ روپے یونٹ سستی کرنے کا ریلیف پیکیج ختم کرنے کا فیصلہ کر دیا ہے۔ نیپرا نے بجلی سستی کرنے کے ریلیف پیکیج ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کی توثیق کردی ہے۔ پیکیج ختم کرنے کا اطلاق یکم جون 2022ء سے ہوگا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے مارچ سے جون 2022ء کے عرصہ کیلئے بجلی پانچ روپے فی یونٹ سستی کرنے کا ریلیف پیکیج دیا تھا‘ تاہم وفاقی حکومت نے ریلیف پیکیج ایک ماہ پہلے ہی ختم کر دیا اور نیپرا نے حکومتی فیصلے سے اتفاق بھی کر لیا ہے۔ نیپرا نے بجلی سستی کرنے کے ریلیف پیکیج ختم کرنے کے حکومتی فیصلہ کی توثیق کر دی ہے۔ پیکیج ختم کرنے کا اطلاق یکم جون 2022ء سے ہوگا۔ نیپرا نے فیصلہ نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔ نیپرا فیصلے کے مطابق سبسڈی کا اختیار وفاقی حکومت کے پاس ہے۔ اس لئے نیپرا  کو ریلیف پیکیج ختم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ دریں اثناء پبلک اکانٹس کمیٹی کے ارکان نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کی سفارش کردی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاس میں ہوا۔ کمیٹی نے سابق چیئرمین نیب کی جانب سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے آج جمعرات کو ہر صورت اجلاس میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے، کمیٹی نے اجلاس میں سپیشل سیکرٹری خزانہ اور گورنر سٹیٹ بنک کے شرکت نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں اجلاس میں شرکت نہ کرنے والے افسران کی تنخواہوں سے تمام اخراجات ادا کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ سابق چیئرمین نیب کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی کی وجہ سے پی اے سی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی اس خط کو مسترد کرتی ہے اور ہدایت کرتی ہے کہ نیب حکام سابق چیئرمین نیب کو فوری طور پر آگاہ کریں۔  نیب افسران کے اثاثہ جات کی تمام تفصیلات بھی کمیٹی کے سامنے پیش کریں۔  اجلاس میں قائم مقام سیکرٹری خزانہ کے شرکت نہ کرنے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی نور عالم خان نے کہاکہ وزارت خزانہ اس ملک کے ساتھ اور عوام کے ساتھ جو کچھ کر رہی ہے وہ اس کمیٹی کے ساتھ نہیں کرنے دیں گے۔  اس موقع پر کمیٹی اراکین نے عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملکی سطح پر قیمتوں میں کمی نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ڈیزل کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی کرے تاکہ عوام مہنگائی کے طوفان سے محفوظ رہ سکیں۔ اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں ایک خاتون نے ہراسمنٹ کے حوالے سے ایک اعلی ادارے کے سربراہ پر الزامات عائد کئے ہیں اس کی بھی تحقیقات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کی ہراسمنٹ کی کسی طور پر اجازت نہیں دی جائے گی اور ہر اس شخص کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں