ملتان(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج ہمارے پاس اقتدار نہیں ہے لیکن پھر بھی لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔ یہ عمران خان کے نظریے اور بیانیے کی جیت ہے۔پاکستان تحریک انصاف فیڈریشن کی حامی جماعت ہے۔ جس کی جڑیں ملک کے کونے کونے میں پھیلی ہوئی ہیں۔ ہمارے مد مقابل پرانی سیاسی جماعتیں اپنے کچھ علاقوں تک محدود ہو چکی ہیں۔ جن کا آئندہ الیکشن میں صفایا ہو گا۔ آئندہ انتخابات میں عوام امیدواروں کو نہیں بلے کو ووٹ دیں گے۔ امپورٹڈ حکمرانو ں نے چند دنوں میں ملکی معیشت برباد کردی۔ عوام خود کشیوں پر مجبورہو چکے ہیں۔ جن سے چند ہفتوں میں ملکی معیشت نہیں سنبھل سکی۔ وہ آگے ملک کیا چلائیں گے۔ امپورٹڈ حکمران چند دنوں کے مہمان ہیں۔ حکمرانوں کو ملک اور قوم کے وسیع ترمفاد میں عوامی دباؤ پر جلد الیکشن کا اعلان کرنا پڑے گا۔عوام ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو کامیاب کرکے جنرل الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی کی بنیاد رکھ دیں گے۔ عوام ساتھ دیں۔ امپورٹڈ حکمرانوں کو چلتا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونین کونسل 53 میں ملک طارق آرائیں، ملک قربان ڈوگر اور پپو چنگڑ کی جانب سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔