اسلام آباد (خبرنگار) قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 17ہزار 150 کرونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سے 805 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 4.69 فیصد رہی اور وائرس سے متاثرہ ایک مریض جاں بحق ہوا۔ جبکہ قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق 168مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ این سی او سی نے عیدالاضحی کے موقع پر پہاڑی علاقوں میں سیاحت کیلئے جانے والے شہریوں کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جارھے ہیں۔ ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرکا استعمال یقینی بنائیں۔ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ سیاحت کیلئے جانے والے تمام افراد مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہوں۔ بالخصوص بارشوں، ژالہ باری، تیز جھکڑدار ہواؤں اور دیگر صحت عامہ کے حالات کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنائیں۔ میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ اس لئے اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے اس بات کی مکمل تسلی کرلیں کہ جہاں آپ سیاحت کی غرض سے جارہے ہیں، وہاں رہنے کی مناسب جگہ اورکھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں اور مناسب داموں پر دستیاب ہیں۔ طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ والے مقامات سے غیر محتاط طریقے سے گزرنے سے مکمل احتراز برتیں اور راستے کلئیر ہونے کے بارے میں متعلقہ سرکاری حکام/ اداروں کی ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی نے چار جدیر موبائل لیبارٹریز کا عطیہ کیا ہے جو پاکستان میں کرونا اور دیگر متعدی امراض کی تشخیصی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں مدد گار ثابت ہوں گی۔ قومی ادارہ صحت کو موبائل سیفٹی لیب حوالگی کی تقریب سے خطاب میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا یہ موبائل لیبارٹریز تمام صوبوں میں محکمہ صحت کی تشخیصی صلاحیت کو مستحکم بنائیں گی۔ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ کرونا وباء سے بچاؤکے لیے تمام ضروری اقدامات اور وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں، یو ایس ایڈ کی جانب سے چار جدید ترین موبائل لیب کی فراہمی ایک بروقت امداد ہے۔ جدید ترین موبائل لیب کے استعمال کو بھر پور یقینی بنائیں گے۔ کینیڈا ایسٹرا زینیکا کووڈ 19 ویکسین کی ایک کروڑ 36 لاکھ خوراکیں پھینکنے پر مجبور ہوگیا ہے کیونکہ کوئی بھی انہیں استعمال کرنے کے لیے تیار نہیں۔کینیڈا کی جانب سے ویکسین کی یہ خوراکیں اپنے شہریوں سے ہٹ کر بیرون ملک دینے کی کوشش بھی کی گئی مگر کوئی بھی لینے کے لیے تیار نہیں ہوا۔ 2021 میں ایسٹرا زینیکا ویکسین کے استعمال کے ممکنہ مضر اثر کے خدشات کے باعث کینیڈا نے فائزر اور موڈرنا ایم آر این اے ویکسینز کا استعمال زیادہ شروع کردیا تھا۔c
ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران 17 ہزار 150 ٹیسٹ، 805 کا ٹیسٹ مثبت، 168 کی حالت تشویشناک، ماسک، سینیٹائزر، سماجی فاصلہ یقینی بنائیں ، سیاحوں کیلئے ہدایات
Jul 07, 2022