لاہور چیمبر کاروباری برادری کے مفادات کا تحفظ کرتا رہےگا:نعمان کبیر


لاہور(کامرس رپورٹر) تاجر برادری نے صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں نعمان کبیر کا ملک کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر پھنسے کنٹینرز ریلیز کروانے کیلئے انتھک کوششوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ممبران کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے حکومت پر زور دیا تھا کہ ان درآمد کنندگان کو نقصان سے بچایا جائے جنہوں نے پابندی کا بل ہونے سے قبل آرڈرز دے رکھے تھے۔ لہٰذا ان کے کنٹینرز جلد سے جلد ریلیز کیے جائیں جس کے نتیجے میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک بھر کی بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر پھنسی کنسائنمنٹس ریلیز کرنے کی خصوصی اجازت دے دی۔ درآمد کنندگان کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروباری برادری کے مفادات کا تحفظ کرتا رہے گا، یہ اچھا شگون ہے کہ حکومت نے لاہور چیمبر کا مطالبہ تسلیم کیا اور درآمد کنندگان کو نقصان سے بچانے کے لیے فوری کارروائی کی جنہوں نے پابندی لگنے سے قبل لگڑری آئٹمز کے آرڈرز دے رکھے تھے۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لاہور چیمبر کا مطالبہ تسلیم کرنے سے درآمد کنندگان بھاری نقصان سے بچیں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لگڑری آئٹمز پر پابندی بڑھتے تجارتی خسارہ پر قابو پانے کے لیے لگائی گئی تھی تاہم لاہور چیمبر نے مطالبہ کیا تھا کہ پہلے سے دئیے گئے آرڈرز کلیئر کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کنسائنمنٹس کلیئر ہونے سے نہ صرف درآمد کنندگان بھاری نقصان سے بچ جائیں گے۔

 بلکہ کاروباری برادری اور حکومت کے درمیان اعتماد سازی بھی ہوگی۔ میاں نعمان کبیر نے کاروباری برادری اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

ای پیپر دی نیشن