موسلادھار بارشیں ، پنجاب میں مزید 8افراد جاں بحق، شانگلہ، تودہ گرنے سے 8بچے زندگی کی بازی ہار گئے

Jul 07, 2023

لاہور،شانگلہ، ننکانہ، کامونکی،فیصل آباد،کراچی، اسلام آباد( نامہ نگاران،نمائندگان خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں موسلادھار بارشوں سے مزید آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ شانگلہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے آٹھ بچے مٹی تلے دب کر زندگی کی بازی ہار گئے۔لاہورچونگی امرسدھو میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر باپ اور 3کمسن بچے جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی ہے۔چونگی امرسدھو کے علاقے میں بارش کے دوران ٹی آر گارڈرز اور مٹی کی بوسیدہ چھت زور دار دھماکے سے زمین بوس ہو گئی۔ 40 سالہ جاوید اقبال، اس کی بیٹی4 سالہ ایمن، 6 سالہ زارا اوربیٹے 8 سالہ اذان جاوید کی لاشیں ملبے تلے سے نکال لیں جبکہ 10 سالہ زخمی بچی کائنات کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لیے جنرل ہسپتال منتقل کردیا۔دوسری جانب بارش کے باعث مزنگ ہسپتال کی دیوار گر گئی۔ جس سے14افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے ہیں۔ جنہیں ریسکیو ٹیموں نے نکال کر فوری طبی امداد کے لیے گنگارام ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ننکانہ صاحب کے محلہ کیارہ صاحب میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 25سالہ زونیراشدید زخمی ہو گئی جبکہ کامونکی میں بارش کے دوران بوسیدہ مکان کی کچی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر نانی اور دو نواسیاں جاں بحق ہوگئیں جبکہ کمسن بچوں سمیت خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔فیصل آباد میں بارش کے دوران گھر کی چھت گرنے سے لڑکی جاں بحق اور ادھیڑ عمر خاتون زخمی ہو گئی۔ادھرشانگلہ کے علاقے ماتونگ میں پہاڑی تودہ گرنے سے 8 بچے مٹی تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق کچی سڑک سیگزر تے ہوئے بچوں پر پہاڑی تودہ گرا تھا جس کے نتیجے میں متعدد بچے دب گئے۔ادھر ریسکیو 1122 کی جانب سے پہلے بتایا گیا کہ مارتونگ میں کھیل میں مصروف بچوں پر پہاڑی تودہ گرا، ملبے تلے دبنے والے 5 بچوں کے جسد خاکی نکال لیے گئے ہیں۔بعدازاں ریسکیو 1122 نے بتایا کہ ملبے تلے دبے مزید 3 بچوں کے جسد خاکی نکال لیے گئے ہیں جس کے بعد جاں بحق بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے جبکہ ملبے تلے دبے ایک بچے کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔پی ڈی ایم اے نے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں بارشوں سے ہونے والی اموات کی تفصیلات جاری کر دیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مجموعی طور پر 17 اموات رپورٹ ہوئیں، لاہور میں 4 اموات، گوجرانوالہ میں 6 اموات، چکوال، شیخوپورہ میں 3، 3 اموات، جھنگ اور فیصل آباد میں 1 ، 1 موت رپورٹ ہوئی، بارش کے باعث مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 49 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 32 افراد شدید اور 17 افراد معمولی زخمی ہیں۔شہر قائد میں مون سون کا سسٹم داخل ہونے کے بعد مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں دوپہر کے بعد کالے بادل چھائے اور شام کے وقت موسلا دھار بارش شروع ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اور بلوچستان میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر اظہار افسوس کیا ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  بارشوں سے ہونے والی جانی نقصان پر دل افسردہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، بارشوں سے پاکستان بھر میں ہونے والے نقصانات افسوسناک ہیں، بارشوں کے سبب مرنے والے افراد کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔

مزیدخبریں