لاہور، اسلام آباد(خبرنگار،خبرنگارخصوصی) احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں نواز شریف کو بری کردیا، عدالت نے نیب اور ریونیو بورڈ کو نواز شریف اور انکی جائیدادوں میں حصہ داروں کی جائیدادوں کو غیرمنجمد کرنے کا حکم دیدیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ3 بار منتخب ہونے والے وزیراعظم کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی قانون کے مطابق نہیں ہے، ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے نوازشریف کو سیاسی انتقام کانشانہ بنایا گیا، سابق حکومت نے نیب کو نوازشریف کا مستقبل تباہ کرنے کے لیے ریفرنس دائر کرنے پر مجبور کیا، عدالتی معاون نے موقف اپنایا کہا مرکزی ملزمان کو جو ریلیف دیا وہی نوازشریف کو ملنا چاہیے، مرکزی ملزمان کیساتھ اشتہاری بھی اسی سزا یا ریلیف کا مستحق ہوتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نوازشریف کو بھی وہی ریلیف ملنا چاہیے تھا جو دیگرملزمان کو دیا گیا، نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کے لیے مکمل طریقہ کار اپنایا نہیں گیا، نواز شریف کی جائیدادوں کے شیئر ہولڈرز نے جائیدادیں منجمد کرنے کے خلاف اعتراضات دائر کیے، عدالت نے حکم دیا کہ عدالتی فیصلے کی کاپی چیئرمین نیب سمیت دیگرکوارسال کی جائے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے احتساب ریفرنس میں محمد نوازشریف کی بریت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب عدالت کا فیصلہ گواہی دے رہا ہے کہ نوازشریف کو سیاسی طورپر نقصان پہنچانے کے لئے جان بوجھ کر جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ، ثابت ہوگیا کہ نوازشریف کو سیاسی نقصان پہنچانے کے لئے نیب نیازی گٹھ جوڑکے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاگیا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ محمد نوازشریف کو انصاف ملا ہے ، احتساب عدالت کا فیصلہ گواہی دے رہا ہے کہ نوازشریف کو سیاسی طورپر نقصان پہنچانے کے لئے جان بوجھ کر جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے تسلیم کیا ہے کہ نوازشریف لاہور ہائی کورٹ اورحکومت کی اجازت سے بیرون ملک گئے، عدالت نے یہ بھی تسلیم کیا کہ نوازشریف ملک میں ہوتے تو تفتیش کا حصہ بنتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ ثبوت ہے کہ جان بوجھ کر اس وقت کی انتقامی حکومت نے نوازشریف کو مفرور قرار دلوایا ، ثابت ہوگیا کہ نوازشریف کو سیاسی نقصان پہنچانے کے لئے نیب نیازی گٹھ جوڑکے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کو مبارک دیتا ہوں کہ اللہ تعالی نے جھوٹ پر مبنی ایک اور مقدمے میں انہیں سرخرو کیا ، امید ہے کہ محمد نوازشریف کے ساتھ سیاسی مقاصد کی خاطر جو ظلم اور زیادتی کی گئی ِ، اس میں انہیں مکمل انصاف ملے گا۔ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش موجودہ بحرانوں کا سلسلہ وہاں سے شروع ہوتا ہے جہاں نواز شریف کے خلاف حکومت سے نکالنے کی سازش کرکے عمران خان کو ہر قیمت پر حکومت دلوانے کی سرتوڑ کوشش کی گئی۔ نوازشریف کے خلاف کئے گئے اقدامات کی درستگی حالات کی بہتری کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ اس سارے عمل میں پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچا۔