لاہور(نیوز رپورٹر) نگران وزیر منصوبہ بندی، جنگلات و ماحولیات بلال افضل نے کہا ہے کہ لاہور کی نکاسی آب کا نظام کافی پرانا ہوچکا ہے لہٰذا اسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی ہے کہ لاہور کے مجوزہ سیوریج منصوبے کے نقائص دور کر کے بلاتاخیر کام شروع کرایا جائے۔ وہ پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے کانفرنس روم میں اپنی زیر صدارت ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ سیکریٹری پی اینڈ ڈی سہیل انور و دیگر افسران نے صوبائی وزیر کو صوبہ بھر کی جاری ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بلال افضل نے کہا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کو ترجیحاً پہلے مکمل کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں میں مقررہ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا نئے بجٹ میں صحت، تعلیم اور زراعت کی ترقی پر زیادہ فوکس ہے۔ 4 ماہ میں ڈھائی ہزار سے زائد ترقیاتی سکیمیں مکمل ہوں گی جو کہ ایک ریکارڈ ہوگا۔ بلال افضل نے ز ور دیا کہ فارن فنڈڈ منصوبوں کے مقررہ اہداف بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو انکے ثمرات جلد مل سکیں۔ صوبائی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ پنجاب کے جن اضلاع کے ماسٹر پلان رہ گئے ہیں وہ جلد مکمل کروائے جائیں۔قبل ازیں سیکریٹری پی اینڈ ڈی سہیل انور نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 20 کروڑ روپے تک کی سکیمیں سب سے پہلے مکمل کی جائیں گی جبکہ 99 فیصد بجٹ جاری ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔