روس، ایران ، افغانستان کیساتھ بارٹر ٹریڈ متعدد فوائد کی حامل ہو گی:کاشف اشفاق

Jul 07, 2023

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ روس، ایران اور افغانستان کے ساتھ بارٹر ٹریڈ متعدد فوائد اور اہمیت کی حامل ہو گی۔ گزشتہ روز پی ایف سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہ دانشمندانہ اور بروقت فیصلہ ان ممالک کے ساتھ جغرافیائی قربت سے استفادہ کرتے ہوئے علاقائی انضمام اور اقتصادی تعاون کو فروغ دے گا جس سے روس، ایران اور افغانستان کے ساتھ تجارتی روٹس، کاروباری روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا اور روایتی کرنسی کے لین دین کے بغیر اشیا اور خدمات کا تبادلہ ہو سکے گا۔ یہ فیصلہ ان ممالک کیلئے اس لحاظ سے بھی مفید ہو گا جن کو مالیاتی رکاوٹوں یا عالمی مالیاتی نظام تک محدود رسائی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارٹر ٹریڈ کاروبار کیلئے متبادل طریقہ کار کے طور پر کام کرے گا اور روایتی مالیاتی چینلز محدود ہونے کے باوجود یہ ممالک کرنسی لین دین کے بغیر تجارت جاری رکھ سکیں گے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ بارٹر ٹریڈ سیاسی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کرے گی۔ 

مزیدخبریں