لاہور(کامرس رپورٹر )وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال چین پاکستان اقتصادی راہداری کے 10سال مکمل ہونے پر منعقد ہونے والے 12ویں مشترکہ تعاون کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔احسن اقبال 8 جولائی بروز ہفتہ کو چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ اعلامیے کے مطابق جے سی سی کا اجلاس 11 جولائی کو شیڈول ہے۔یہ سال سی پیک کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ یہ اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور علاقائی روابط کو فروغ دینے میں متاثر کن کامیابیوں کی دہائی کا جشن منا رہا ہے۔ 10 سالہ سالگرہ کے سلیل میں سی پیک سیکرٹریٹ ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی وزارت کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ ان میں بین الاقوامی کانفرنسیں، تعلیمی سیشنز، ثقافتی شوز اور دیگر تقریبات شامل ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ، لاہور کی ترقی کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پراجیکٹ کے تحت1114 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اکیڈمک بلاک، سٹوڈنٹس سروس سنٹر، سٹوڈنٹس ہاسٹل، ہیلتھ اینڈ ڈے کیئر سنٹر اور بیچلر فیکلٹی ہاسٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ ان سہولیات سے نہ صرف ہزاروں طلبہ و طالبات بلکہ جامعہ کے اساتذہ و سٹاف بھی استفادہ کریں گے۔ وفاقی وزیر نے جدید ترین سہولیات سے مزین سمارٹ کلاس روم اور سنٹرل لائبریری کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ہلالِ امتیاز، ستارہِ امتیاز) نے کی۔ تقریب میں معروف علمی و سماجی شخصیات کے علاوہ جامعہ کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، سینڈیکیٹ ممبرز،اساتذہ، سٹاف اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ بلاشبہ علم ہی وہ خزانہ ہے، جس کے حصول کا نتیجہ سماجی، اخلاقی اور معاشی ترقی کی صورت میں رونما ہوتا ہے۔
سی پیک اقتصادی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، علاقائی روابط کیلئے اہم ـ :احسن اقبال
Jul 07, 2023