لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ دورہ سری لنکا ورلڈکپ تیاری کیلئے بہترین موقع ہے، کوشش کرینگے کہ سیریز میں فتح حاصل کرتے ہوئے خامیاں دور کریں۔ بحیثیت ٹیم اور کپتان کوشش ہوتی ہے میچ جیتیں۔ ضروری نہیں کہ نائب کپتان ٹم کا حصہ ہو۔سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں شاندار کم بیک کیا ، سیفی بھائی کی ٹیم میں بطور بیٹر جگہ نہیں بنتی۔ چنئی میں افغانستان سے کھیلنے میں کوئی مسلہ نہیں، میگا ایونٹ میں صرف بھارت سے کھیلنے نہیں جارہے، دیگر 9 ٹیمیں بھی شریک ہیں انہیں شکست دیں گے تو فائنل میں پہنچیں گے۔ بورڈ میں تبدیلیوں سے پریشان نہیں ہمارا کام کرکٹ کھیلنا ہے۔سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز میں مشکلات آئی ہیں لیکن ماضی میں کرکٹ اچھی نہیں کھیلی اس لیے میچ گنوائے، بطور کپتان اپنا بہترین دینے کی کوشش کرتا ہوں تاہم کپتان اچھا ہوں یا نہیں یہ سوال مینجمنٹ سے پوچھیں۔