سانحہ 9 مئی: فواد اور فرخ حبیب اور دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

Jul 07, 2023 | 14:06

انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں فواد چوہدری ، اسلم اقبال اور فرخ حبیب سمیت دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ذرائع کے مطابق پولیس نے 9 مئی واقعات پر گرفتار نہ ہونے والے ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹس کے لیے انسداددہشتگردی عدالت سے استدعا کی تھی۔عدالت نے پولیس کی استدعا پر  حلیمہ خان ، عظمیٰ،حسان نیازی، مراد سعید،علی امین گنڈاپور  اور اعظم سواتی کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔انسداد دہشتگردی کی عدالت نے  یہ وارنٹ گرفتاری لاہور میں درج 5 مقدمات میں جاری کیے ہیں، ان افراد کے خلاف 3 مقدمات تھانہ سرور روڑ ،ایک مقدمہ نصیر آباد اور ایک مقدمہ ماڈل ٹاؤن میں درج ہے۔گزشتہ روز  پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو 9 مئی کے واقعات میں دہشتگردی ایکٹ کے تحت 6 مقدمات میں نامزد کیاگیا ہے، ان کےخلاف 3 مقدمات 9 اور 3 دس مئی کو درج کیے گئے۔رواں برس 9 مئی کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی، ان واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل جاری ہے۔

مزیدخبریں