ہم عوام کے استحصال پر خاموش نہیں بیٹھیں گے :سید ارشد ہاشمی 

Jul 07, 2024

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف کے سینئر رہنما بزرگ سیاستدان پیر سید ارشد ہاشمی نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں حکومت کی طرف سے کئے گئے اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار پٹرول بم گراکر عوام کی رہی سہی قوت خرید بھی ختم کی جارہی ہے حکمران غریب عوام کو زندہ درگو ر کرنا چاہتے ہیں یہ ریلیف دینے کی بجائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کررہے ہیں جو قابل قبول نہیں ہم عوام کے استحصال پر خاموش نہیں بیٹھیں گے اور ایوانوں کے اندر اور باہر حکومتی ظالمانہ اقدامات کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے گی، آئی ایم ایف کی غلامی میں حکمران تمام حدیں پھلانگ چکے ہیں انہیں غریب عوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں یہ اپنے غیر ملکی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے ہر جبر روا رکھنے کو تیار نہیں جعلی حکومت سے اچھائی کی امید نہیں کی جاسکتی یہ اپنے ذاتی و سیاسی مفادات کی تکمیل کی خاطر اقتدار پر مسلط ہوئے ہیں ان کی ترجیحات میں عوامی فلاح و بہبود شامل نہیں، پیپلزپارٹی اور (ن)لیگ نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ غریب گھرانوں کو 300 یونٹ فری ملیں گے مگر اقتدار پر براجمان ہو کر یہ اپنے وعدوں سے مکر چکے ہیں اور بجلی گیس و پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں آئے روز اضافہ کرکے عوام کی زندگیاں اجیرن بنائے ہوئے ہیں، اگلے ماہ مہنگائی کا مزید طوفان آنے والا ہے، عوام بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانے سے قاصر ہو جائیں گے یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگی ممکن نہیں رہے گی کیونکہ جعلی حکومت آئی ایم ایف کی ہدایت پر پاکستانی عوام پر زندگی کا دائرہ مزید تنگ کرنے کی تیاریاں کررہی ہے۔

مزیدخبریں