لاہور( نامہ نگار )ٹریفک پولیس نے 50 ہزار 583 ای چلان ڈیفالٹر گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک کروڑ 67 لاکھ جرمانہ وصول کیا۔ گذشتہ دو ماہ کے دوران 50 ہزار 583 ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی گئی اور ایک کروڑ 67 لاکھ سے زائد جرمانہ وصول کرکے سینکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بھی بند کر دی گئیں۔ پچاس، ساٹھ، ستر سے زائد ای چالان والی متعدد گاڑیاں پکڑی گئیں، لاہور ٹریفک پولیس کی 5 ٹیمیں شہر کے مختلف چوکوں اور مصروف شاہراہوں پر موجود ہیں، مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹیمیں موجود ہیں۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کا کہنا تھا کہ ای چالان دیفالٹر گاڑیوں کو پولیس سٹیشنز اور سیکٹرز میں بند کروایا جارہا ہے، ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے مالکان پولیس سروسز بھی حاصل نہیں کرسکتے، ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس،کریکٹر سرٹیفکیٹ،ویری فیکشن و دیگر 14 سہولیات میسر نہیں ۔ اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہوگی، ٹریفک سگنل،لین لائن، دھواں چھوڑنے،ون وے ٹریفک سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر ای چالان کئے جارہے ہیں،ای چالان سے بچنے کیلئے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کیخلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا ہے،گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیر اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
2ماہ میں 50583ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کیخلاف کارروائی
Jul 07, 2024