لاہور(نامہ نگار )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے بچوں کی معیاری تعلیم اور تعمیری تفریح کیلئے مصروف عمل ہے ، اسی سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس کی درسگاہ میں پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے اینیمیٹڈ کارٹون فلم کی سکریننگ کا اہتمام کیا گیا، کارٹون فلم ’’ دا سٹولن پرنسس‘‘ سے بچوں کی بڑی تعداد نے لطف اٹھایا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بچوں سے ملاقات کی ، انکی تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں بارے استفسار کیا اور بھرپور شفقت کا اظہار کیا، اس موقع پر ملازمین کے بچوں نے دلچسپ انداز میں اپنے ٹیلنٹ و تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، بچوں نے سنٹرل پولیس آفس کے مختلف فلورز کی سیر، کھانے پینے کی اشیا سے تواضع بھی کی گئی، سنٹرل پولیس آفس کی مختلف برانچز میں خدمات سر انجام دینے والے ملازمین نے بچوں کو مثبت تفریح کا موقع فراہم کرنے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شکریہ ادا کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ایک فیملی ہے ، فلم سکریننگ کا مقصد بچوں کو تفریح اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم اور ہیلتھ ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات جاری ہیں، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران سمیت دیگر افسران بھی موقع پر موجود تھے۔