لاہور(نیوز رپورٹر)ذیابیطس (شوگر) کے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی تقریب کا انعقادہوا۔ سکریننگ ٹیسٹ بھی کئے گئے۔ذیابیطس (شوگر) ایک موذی مرض ہے ، پاکستان میں اس کا تناسب دنیا میں بلند ترین سطح پر ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق 30 برس سے زائد عمر کا ہر 4 میں سے ایک پاکستانی شوگر کے مرض میں مبتلا ہے اور اکثر کو اس کا علم ہی نہیں، ان حقائق کے پیش نظر (DOCTORSCON/PAFP) اور PCDA Lahore نے مشترکہ طور پر ایک نجی ادارے TTI-LAB لاہور کے تعاون سے شوگر آگاہی تقریب کا انعقاد کیا جس میں ڈاکٹر الطاف احمد چیمہ ،ڈاکٹر طاہر رسول ، ڈاکٹر عبدالرؤف ، ڈاکٹر منظور جنجوعہ اور ڈاکٹر معاذ نے اپنے ہیلتھ اسسٹنس کے ساتھ پر عزم شرکت کی۔ نجی ادارے کے تمام 30 افراد سے زیادہ عمر کے افراد کے شوگر کا سکریننگ RBG ٹیسٹ کیا گیا اور بعض کا HbAIC بھی کیا گیا۔ اس ادارے کے تمام افراد کو جمع کرکے شوگر آگاہی لیکچر دیا گیا اور اس کے بعد سوالات اور جوابات کے طویل سلسلے میں ڈاکٹروں کے پورے پینل نے پرجوش حصہ لیا۔ ذیابیطس کے ماہرین نے جسمانی ورزش اور صحت مند غذا کی افادیت اور شوگر پر اس کے مثبت اثرات پر ایک تفصیلی بحث کی۔ فاسٹ فوڈ اور کولڈ ڈرنکس کے مضر اثرات اور ان سے بچاؤ پر زور دیا۔