لاہور ( خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے 782 ویں سالانہ عرس انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا زائرین کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے۔ سکیورٹی، صفائی، طبی سہولیات، لنگر، پینے کیلئے ٹھنڈا پانی، شامیانے و سائے کی فراہمی کو یقینی بنادیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)طارق ولایت، ڈپٹی کمشنر پاکپتن سعدیہ مہر، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف آصف اعجاز، ایڈ منسٹریٹر اوقاف پاکپتن ضیاء المصطفیٰ، لوکل گورنمنٹ و دیگر محکمہ جات کے آفیسران بھی موجود تھے۔ خانقاہیں سوسائٹی کا نیو کلیس اور لوگوں کی آسودگی کا ذریعہ ہے۔ اس سے برصغیر میں رواداری، انسان دوستی، اخوت اور بھائی چارے کی ترویج ہوئی۔ بابا فریدؒ نے اپنے طرز ِ زیست اور تعلیمات کے ذریعے دنیا کو امن اور محبت کا پیغام دیا، جس کی ترویج کی آج اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے دربا رشریف کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سکیورٹی کنڑول روم کا معائنہ بھی کیا، جہاں سو سے زائد کیمرہ جات کے ذریعے پورے علاقے کی ہمہ وقت مانیٹرنگ جاری ہے۔