حج 2025 ، عازمین کے لئے رہائشی عمارتوں کی رجسٹریشن کا آغاز

Jul 07, 2024

مدینہ منورہ(این این آئی)مدینہ منورہ حج رہائشی کمیٹی نے حج سیزن 2025 کے لیے رہائشی عمارتوں کی رجسٹریشن کا آغاز کرنے کا عندیہ دیا ہے۔سعودی اخبار کے مطابق مدینہ منورہ میں عازمین کے لیے رہائشی امور کی نگران کمیٹی نے رہائشی شعبے سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں اور عمارتوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج 1446 ہجری کے لیے عمارتوں کے پرمٹ حاصل کرنے کے لیے کمیٹی کی ویب سائٹ پر معلومات اپ لوڈ کرسکتے ہیں جن کے لیے مقررہ شرائط کو پورا کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مالکان جو آئندہ برس حج سیزن کے لیے اپنی عمارتوں کے لیے پرمٹ جاری کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ شرائط کو پورا کریں۔حجاج کے لیے رہائشی عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد مقررہ معائنہ کمیٹی کی جانب سے ابتدائی منظوری جاری کی جاتی ہے بعدازاں مختلف سرکاری ادارے جن میں بلدیہ ،شہری دفاع، وزارت تجارت و دیگر اداروں کی ٹیمیں شامل ہیں عمارت میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیتے ہیں۔تمام اداروں کی جانب سے عمارت کو حجاج کی رہائش کے لیے مناسب قراردیئے جانے کے بعد ہی حج امور کی کمیٹی کی جانب سے عمارت کا پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں