نئی دہلی(این این آئی) بھارت میں بی جے پی کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد مسلمانوں پر تشدد کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے، ایک اور مسلم نوجوان کوجنونی انتہا پسندوں نے تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست اتر پردیش میں فیروز قریشی نام کا شخص کسی کام سے جلال آباد کے گنگا نگر آیا ہوا تھا۔رپورٹ کے مطابق ملزمان پنکی، پنکج، راجندر اور ان کے دوستوں نے فیروز قریشی کو بے دردی سے مارا، بعض مقامی افراد نے اسے بچانے کی کوشش کی جو ناکام ثابت ہوئی،حملے میں فیروز شدید زخمی ہوگیا جو بعد میں چل بسا۔واضح رہے کہ بھارت میں انتخابی نتائج کے بعد سے ہجومی تشدد کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا ہے۔ چند روز کے دوران 6 مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا تھاکہ پولیس نے مذکورہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
بھارت، انتہا پسندوں نے ایک اور مسلم نوجوان کو تشدد کرکے مار ڈالا
Jul 07, 2024