اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزات خارجہ نے قانونی دستاویزات کی تصدیق کے لیے نرخوں میں اضافہ کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پیر سے وزات خارجہ میں قانونی کاغذات کی تصدیق دوبارہ شروع کی جا رہی ہے۔ تعلیمی اسناد، قانونی دستاویزات اور کمرشل دستاویزات کی تصدیق شروع کی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شہری کاغذات کی تصدیق کے لیے وزارت خارجہ کے واک ان طریقہ کار سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ شہری وزارت خارجہ کے لائژن دفاتربشمول لاہور اور کراچی میں بھی کاغذات کی تصدیق کے لیے جا سکتے ہیں۔ وزارت خارجہ نے دستاویزات کی تصدیق کے لیے پیشگی اپوائنٹمنٹ کی شرط ختم کر دی ہے۔وزارت خارجہ کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق کے لیے نیا نرخ نامہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق نئے نرخ نامے کے مطابق ذاتی اور تعلیمی اسنادکی فی دستاویز تصدیق 3000 ہو گی۔ قانونی دستاویزات 4500 روپے اورکمرشل دستاویزات 12000 روپے میں تصدیق کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق قبل ازیں نرخ نامہ بالترتیب 500، 700 اور 3000 تھا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے کسی دستاویز کی تصدیق 6 ماہ کے لیے ہوتی ہے۔ 6 ماہ کے اندر دستاویز استعمال میں نہ لانے پر دوبارہ تصدیق کرانا پڑتی ہے۔
وزارت خارجہ نے قانونی دستاویزات کی تصدیق کیلئے نرخوں میں اضافہ کر دیا
Jul 07, 2024