لاہور ( این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی رجسٹریشن منسوخی کی اپیل کی جلد سماعت کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست پاکستانی نژاد امریکی شہری سید اقتدار حیدر نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے، بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کا چیئرمین اور آصف زرداری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر ہیں، الیکشن ایکٹ 2017کی دفعہ 202کی ذیلی دفعہ 2کے تحت پارٹی رجسٹریشن کے لئے دو ہزار ممبران کی لسٹ فراہم کرنا لازمی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نے الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی کے ممبران کی ہی فہرستیں جمع کرادیں، الیکشن ایکٹ 2017کی دفعہ 203 کی ذیلی دفعہ 3کے تحت کوئی بھی شخص صرف ایک پارٹی کا ممبر ہوسکتاہے، سینٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں منتخب ممبران پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے ہیں۔