لاہور، اسلام آباد‘ فیصل آباد‘ گجرات‘ ننکانہ‘ قصور‘ سانگلہ ہل (نوائے قت رپورٹ + نمائندگان) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، شالیمار، گڑھی شاہو، مال روڈ، کینال روڈ، ہربنس پورہ، ساندہ، اسلامپورہ و گردو نواح میں آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔ بارش اور آندھی کے دوران لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہوئی۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، جہلم، مریدکے، گوجرانوالہ، اٹک، وزیر آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، مختلف شہروں میں شدید بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ کئی فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی طوفانی بارش سے پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ بجلی کے پول اور درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جس سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوگیا۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 7 جولائی کے دوران موسلادھار بارش سے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتِ حال ہو سکتی ہے، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث خیبر پی کے کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ فیصل آباد میں پہلی بارش نے ہی ضلعی انتظامیہ کی بد انتظامی اور واسا کی نا اہلی کا پول کھول کر رکھ دیا۔ مختلف شاہراہوں ملت روڈ، ملت چوک، جامعہ چشتیہ چوک، سرگودھا روڈ، بولیدی جھگی، سمندری روڈ، نشاط آباد، کشمیر پل، ملت ٹاؤن، سوساں روڈ، مدینہ ٹائون، امین ٹاؤن، سلیمی چوک، جی ٹی ایس چوک، اقبال سٹیڈیم، اسلام نگر، راجے والا، ستارہ کالونی، رضا آباد، غلام آباد و دیگر علاقوں کی سڑکیں پانی سے بھر گئیں۔ سیوریج نالوں کا پانی بھی اوور فلو ہوکر آبادیوں میں داخل ہوگیا۔ بارش کے بعد نہ صرف آٹھ بازار بلکہ فیصل آباد کا سارا شہر ہی پانی میں ڈوب گیا۔ گجرات کے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے‘ رحمن شہید روڈ ، کورٹ روڈ ، کچہری تا بولے روڈ ، شاہ حسین محلہ ، ظہور الٰہی سٹیڈیم، ڈپٹی کمشنر کمپلیکس ، اولڈ ڈی پی او آفس سمیت متعدد علاقے کئی کئی فٹ پانی میں تیرتے رہے۔ میونسپل کارپوریشن کا اپنا دفتر پانی میں دن بھر تیرتا رہا۔ ننکانہ شاہکوٹ چٹی روڈ پرمحلہ بھٹی نگر میں بارش کے باعث گھر کے برآمدے کی چھت گرنے سے 2 خواتین سمیت 3 افراد جن میں 40 سالہ نسرین، 34 سالہ نگینہ اور 36 سالہ جعفر شامل ہیں شدید زخمی ہوگئے جبکہ ننکانہ شاہ کوٹ روڈ پرمیر پور گائوں میں دیوار گر گئی ملبے کے نیچے دب کر 70سالہ نذیر احمد شدید زخمی ہو گیا۔ دریں اثناء سانگلہ ہل مڑھ بلوچاں روڈ پر پھٹیاں والا پل کے قریب درخت سے گر کر 12سالہ دانش اور کمیٹی چوک سانگلہ ہل میں 15سالہ خضر کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ قصور کے علاقہ منڈی عثمان والا میں گھر کی چھت گرنے سے 10 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی جبکہ ماں باپ اور تین سالہ بہن زخمی ہو گئے۔کالا خطائی سٹیشن کے قریب محنت کش کے مکان کی چھت گرنے اورملبے تلے دب کر ماں بیٹیوں سمیت 4 افراد نسرین بی بی 27 سالہ، 12 سالہ مہرین،چھ سالہ فرخ اور 15 سالہ احمد زخمی ہوگئے۔