تہران +اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی+ نمائندہ خصوصی) ایرانی الیکشن کمشن کے ترجمان نے اعلان کیا صدارتی انتخابات میں مسعود پزشکیان کامیاب ہوگئے۔ دوسرے مرحلے کے نتائج کے مطابق اصلاح اور اعتدال پسند امیدوار مسعود پزشکیان نے اپنے حریف اور سخت گیر رہنما سعید جلیلی پر باآسانی فتح حاصل کر لی ہے۔ 3 کروڑ افراد نے الیکشن میں ووٹ ڈالے جن میں سے ایک کروڑ 63 لاکھ سے زیادہ افراد نے مسعود پزشکیان کو ووٹ دیا۔ سعید جلیلی ایک کروڑ 35 لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کر سکے، یوں الیکشن کے دوسرے مرحلے کے دوران ووٹر ٹرن آؤٹ 49 فیصد رہا۔ ایران میں گزشتہ روز نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے، صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی ووٹنگ رات 12 بجے تک جاری رہی اور انتظامیہ کو پولنگ سٹیشنز میں ووٹرز کے رش کی وجہ سے پولنگ کا وقت تین بار بڑھانا پڑا۔ پہلے صدارتی انتخابی مرحلے میں مسعود پزشکیان کو 42.4 فیصد ووٹ ملے تھے جبکہ ان کے قریب ترین حریف امیدوار قدامت پسند سیاسی رہنما سعید جلیلی تھے، جنہیں 38.6 فیصد تائید حاصل ہوئی تھی۔ انہوں نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ وہ مغرب سے تعلقات میں بہتری کے ساتھ ساتھ جوہری مذاکرات کو بحال کریں گے تاکہ ملک کی معیشت کو کمزور کرنے والی عالمی پابندیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے انتخابی مہم میں عوام سے یہ وعدہ بھی کیا کہ وہ ایک شفاف معاشی نظام تشکیل دے کر اور بدعنوانی ختم کرتے ہوئے اقتصادی ترقی کے لیے بنیاد فراہم کریں گے۔ انھوں نے اپنی انتخابی مہم میں صحت کے نظام میں اصلاحات، طبی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور علاج کے اخراجات کو کم کرنا سمیت ملک میں تعلیمی حالات کو بہتر کرنے اور سکولوں اور یونیورسٹیوں کے معیار کو بڑھانے کے وعدے بھی کیے ہیں۔ علاو ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے۔ امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاک - ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا نئے ایرانی صدر نے کہا ہم سب اس ملک کے باشندے ہیں اور سب کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں گے۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ تہنیتی پیغام میں کہا ہم خطے کے امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔ چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی برطانیہ کے نو منتخب وزیرِ اعظم کیئر سٹارمر کو مبارکباد دی ہے ،چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کا نئی برطانوی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔