تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ستر سالہ مسعود پزشکیان ایران کے علاقے ماہ آباد میں پیدا ہوئے۔ ارمیا میں ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ایران کے اسلامی انقلاب سے پہلے تبریز یونیورسٹی سے طب کی تعلیم حاصل کی وہ ایک ہارٹ سرجن، روشن خیال رہے ہیں اور سابق وزیر صحت بھی رہ چکے ہیں۔ وہ پانچ بار ایران کی پارلیمنٹ کے رکن اور ایک بار اس کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں عوامی سطح پر دو سابق اصلاح پسند صدور کی حمایت بھی حاصل ہے جن میں حسن روحانی اور محمد خاتمی شامل ہیں۔ سابق وزیر خزانہ جواد ظریف بھی ان کے حامیوں میں شامل ہیں، مسعود پزشکیان خواتین کو حجاب پہننے پر مجبور کرنے والی ایران کی اخلاقی پولیس کو غیر اخلاقی قرار دے چکے ہیں۔ ایران میں خواتین کی ایک بڑی تعداد ان قوانین کی کھل کر خلاف ورزی کرتی ہے۔ نئے ایرانی صدر 29 ستبر 1954ء میں پیدا ہوئے۔ 94ء میں مسعود کی اہلیہ اور ایک بیٹی کار حادثہ میں جاں بحق ہو گئی جس کے بعد انہوں نے دوسری شادی نہ کی اور تین بچوں کی پرورش کی۔