پنجاب: 7 سے 10 محرم ڈبل سواری پر پابندی‘ خیبر پی کے میں فوج تعیناتی کا فیصلہ

Jul 07, 2024

لاہور + پشاور (نوائے وقت رپورٹ + بیورو رپورٹ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 7 سے 10 محرم تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بغیر اجازت عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہو گی۔ خیبر پی کے حکومت نے محرم الحرام کے دوران پشاور سمیت صوبے کے 14 حساس اور حساس ترین اضلاع میں فوج کی تعیناتی کا فیصلہ جبکہ فرنٹیئر کور اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی خدمات کے لئے وفاق سے رابطہ کر لیا ہے۔ صوبے میں پاک فوج کو الرٹ رکھا جائے گا۔ 150سے زائد پلاٹون کی خدمات وفاق سے طلب کر لی گئی ہے۔ پانچ محرم الحرام کے بعد صوبے کے چودہ اضلاع میں فرنٹیئر کور اور فرنٹیئر  کانسٹیبلری ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ آئی جی خیبر پی کے پولیس کے مطابق  ڈی آئی خان، ہنگو، کوہاٹ، کرم اور پشاور زیادہ حساس اضلاع ہیں۔

مزیدخبریں