عوام پاکستان لانچ: مہنگائی، عدم استحکام، قوم پریشان، ہارے لوگ ایوان میں بیٹھے: شاہد خاقان

Jul 07, 2024

اسلام آباد(وقائع نگار ) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عوام پاکستان پارٹی(اے پی پی)کی تاسیسی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کو ملک کی کوئی پرواہ نہیں، ملک میں سیاسی استحکام ہے، نہ معاشی، اسمبلی میں بیٹھے زیادہ تر لوگ الیکشن ہارے ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کے علاوہ سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل، سینئر سیاستدان مہتاب عباسی، زعیم قادری، ڈاکٹر ظفر مرزا اور دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پورا ملک تکلیف میں ہے لیکن حکمرانوں کو کوئی پرواہ نہیں، جو ملک دودھ پر بھی ٹیکس لگادے وہ اگلے سال کیا کرے گا؟ ملک سیاسی استحکام ہے نہ معاشی استحکام۔ برآمدات گررہی، مہنگائی بڑھ رہی ہے، مہنگائی سے غریب آدمی پریشان ہے، کبھی نہیں سوچا تھا کہ ملک کی ایسی حالت ہوگی، سٹیج پر بیٹھے لوگوں میں کسی کو دعوت نہیں دی،  یہ خود آئے ہیں یہ پاکستان کو مشکل سے نکالنا چاہتے ہیں، مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے لیکن کسی کو فکر نہیں ہے، ایسے لوگ چاہئیں جو اقتدار کے لیے کرسیاں تلاش نہ کریں۔ شاہد خاقان  نے کہا کہ الیکٹیبل سیاست کا حصہ ہیں لیکن ہر الیکٹیبل قابل قبول نہیں ہے، جن کی شہرت ٹھیک نہیں، وہ عوام پاکستان پارٹی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ اقتدار دوسری جماعتوں کو مبارک ہو، ہماری جماعت کے لوگ ملک کو کچھ دیں گے، لینے والے نہیں ہوں گے۔ ملک میں شکاری اور شکار کا نظام ہے اسے بدلنا ہوگا۔ یہ پاکستان اب ہمیں منظور نہیں ہے۔ اب عام لوگوں کو سیاست میں آنا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ یہ نظام صرف اشرافیہ کے کام آتا ہے۔ عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مہتاب عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 سال قبل پاکستان میں ایسی مایوسی نہیں تھی، پاکستان کے ترقی نہ کرنیکی وجہ وہ طبقہ ہے جس نے تمام وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی ذمہ دارسیاسی جماعتیں ہیں، سیاسی جماعتیں صرف ایک شخص کا نام ہے جو سربراہ ہے، اس نظام کو اب بڑے آپریشن کی ضروت ہے، ان لوگوں کوسسٹم سے الگ کرنیکی ضروت ہے۔

مزیدخبریں