ہونہار میرٹ سکالر شپ پروگرام کی منظوری، لیپ ٹاپ سکیم کے فوری اجراء کا حکم

Jul 07, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب ہونہار میرٹ سکالر شپ پروگرام اور جہلم، وہاڑی اور بہاولنگر میں نئی یونیورسٹیوں کی منظوری دے دی ہے۔ مریم نواز شریف نے ہائر ایجوکیشن کے امور سے متعلق خصوصی اجلاس میں ہونہار سکالر شپ کی تعداد 4ہزار سے بڑھا کر 25ہزار اور لیپ ٹاپ سکیم کے فوری اجراء کی ہدایت کی۔ سرکاری اور 8 منتخب پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے بی ایس کرنے والے طلبہ کی100فیصد فیس سکالر شپ سے ادا ہوں گی۔ اجلاس میں طلبہ کی کم تعداد والے کالجز میں نئے ڈسپلن متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کے مختلف کالجوں میں جاب مارکیٹ کی ضروریات سے منسلک ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔ اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی کے لئے آن لائن پورٹل سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈویژنل ڈائریکٹرز اور پرنسپل کی تعیناتی خالصتاً میرٹ پر کرنے کیلئے فول پروف سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری کالجز میں نئی بسوں کی فراہمی کا پلان پیش کیا گیا۔ پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت یونیورسٹیوں کے قیام کی سفارشات کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پرائیویٹ سیکٹر کو یونیورسٹیوں کے قیام کے لئے حکومتی سطح پر سہولت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں نجی یونیورسٹیو ں کے امور کاجائزہ لینے کیلئے اعلی سطح کی وزارت کمیٹی قائم کرنے اور تعلیمی بورڈز کے امور میں ریفارمز کے لئے پنجاب بورڈ کوآرڈینیشن کمشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مریم نواز شریف نے پنجاب کے 90 کالجز میں ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ فری کلاسز کے کامیاب پروگرام پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے طلبہ کیلئے کالجز میں مفت ایم ڈی کیٹ اور ای کیٹ کلاسز کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے۔ ہائر ایجوکیشن کے فروغ کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کو سہولیات دی جائیں۔ ہائر ایجوکیشن میں پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک کار سے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے۔ مریم نواز شریف نے عالمی یوم امداد باہمی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امداد باہمی کا مقصد وسائل کو یکساں طور پر عوام میں تقسیم کرنا بھی ہے۔ پنجاب حکومت کوآپریٹو اداروں کو فعال اور متحرک کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ خواہش ہے کوآپریٹو ادارے صوبہ بھر میں اپنے کردار کو مثالی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے مسعود پزشکیان کو ایرانی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ مریم نواز شریف نے نو منتخب ایرانی صدر کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کہا کہ نومنتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے عہدہ سنبھالنے سے پاک ایران تعلقات میں مزید گرم جوشی آئے گی۔ 

مزیدخبریں