مری + اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+بیورو رپورٹ+ نامہ نگارخصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عدم استحکام پیدا کرنے اور بیرون ملک پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو جمہوریت سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف سے مری میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی اور سابق وزیر اعظم کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ملاقات کے دوران میاں نواز شریف نے کہا کہ امن و امان کا گہرا تعلق سرمایہ کاری اور ترقی و خوشحالی سے ہے۔سابق وزیرعظم نے کہا کہ 2018 میں ملک کی تباہی اور ہر شعبے میں زوال کہ سلسلہ شروع ہوا، مخلص اور محنتی قیادت مشکلات پر قابو پالے گی۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ سات سال پہلے جن مسائل پر قابو پا لیا گیا تھا وہ پھر سنگین بحران بن چکے ہیں۔ ملک کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے اور ملک کے باہر پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو نہ جمہوریت سے کوئی دلچسپی ہے نہ عوام کے مسائل سے۔ یہ لوگ کسی بھی محاذ پر پاکستان کی کمزوری یا ناکامی کو اپنی سیاسی کامیابی خیال کرتے ہیں۔ سات سال پہلے پاکستان نے جن مسائل پر قابو پا لیا تھا آج پھر سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں لیکن انشاء اللہ مخلص اور محنتی قیادت اِن مشکلات پر قابو پا لے گی۔ نواز شریف نے کہا کہ سات سال پہلے مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی جیسے مسائل پر قابو پا لیا تھا۔ آئی ایم ایف سے نجات حاصل کر لی گئی تھی لیکن 2018 میں ملکی تباہی و بربادی اور ہر شعبے میں زوال کا جو سلسلہ شروع ہوا۔ اس نے عوام کے لیے سنگین مسائل پیدا کر دیے جن پر قابو پانے کے لیے بہت وقت درکار ہے۔ امن و امان کا گہرا تعلق سرمایہ کاری اور ترقی و خوشحالی سے ہے۔ اس سلسلے میں پارلیمنٹ کو توانا کردار ادا کرنا چاہیے۔
بیرون ملک پاکستان کو بدنام، عدم استحکام پیدا کرنیوالے عناصر کو جمہوریت سے دلچسپی نہیں: نوازشریف
Jul 07, 2024