کلرسیداں(نامہ نگار)بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں مسلسل اضافے کے خلاف کلرسیداں میں احتجاج،جماعت اسلامی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی بھرپور شرکت،پی ٹی آئی بھی پلو چھڑا گئی مسلم لیگ ن پہلے ہی مہنگائی اور بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف کسی بھی احتجاج کا حصہ نہ بن کر اس اضافے کی غیراعلانیہ حمایت کر چکی ہے۔احتجاج میں شریک لوگو ں کے چور حکومت ہائے ہائے کے نعرے بھی لگا ئے ۔پیپلز پارٹی تحصیل کلرسیداں کے صدر محمد اعجاز بٹ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کے نرخوں میں بھاری اضافہ اس حکومت کو گھر بھیجنے کا موجب بن سکتا ہے ظالم حکمرانوں نے دود ھ،آٹا،چینی، دہی سمیت تمام بنیادی اشیا پر بھاری ٹیکس لگا کر روزمرہ کی اشیا کے نرخوں میں بھاری اضافہ کیا ہے لوگوں سے نوالہ بھی چھینا جا رھا ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بچوں کے لیئے جس 27 ارب کے دودھ کا اعلان کیا ہے ملک اس عیاشی کا متحمل ہو ہی نہیں سکتا یہ دودھ بھی حکمرانوں کے کارخانوں میں ہمارے خون پسینے سے تیار ہو گا۔انجمن تاجران پنڈی روڈ کے صدر حاجی عبدالمشکور نے کہا کہ عوام کو اپنے اور بچوں کے مستقبل کے لیئے اس ظالم اور نااہل غیر منتخب حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہو گا۔الخدمت فانڈیشن کے صدر محمد توقیر اعوان نے کہا کہ کلرسیداں کے لوگوں کی بے حسی ضرب المشل بن چکی ہے یہاں کی انجمن تاجران خودساختہ ہے برسوں سے اس کے کبھی انتخابات نہیں ہوئے تاجر چاہتے ہیں کہ اس خودساختہ تنظیم کو ختم کرکے باقاعدہ انتخابات کے ذریعے انجمن تاجران تشکیل دیں۔سابق رکن بلدیہ عاطف اعجاز نے کہا کہ جب زائد بل ہر گھر میں آتے ہیں تو پھر احتجاج بھی ہر گھر سے ہونا چاہیئے پیپلز پارٹی کھل کر اپنے شہریوں اور صارفین کے ساتھ کھڑی ہے۔جماعت اسلامی کے نائب امیر چوہدری ابرار حسین نے کہا کہ ہم تعداد میں کم سہی مگر ہم منافقین کی صفوں میں شامل نہیں ہیں احتجاج کر رہے ہیں کرتے رہیں گے پرامن احتجاج کا حق کوئی ہم سے چھین نہیں سکتا بجلی بلوں میں اضافہ بدترین ظلم ہے جس کے خلاف ہر غیرتمند کو اٹھ کھڑا ہونا پڑے گا اس موقع پر جماعت اسلامی کے مقامی امیر جاوید اقبال ،جماعت اسلامی یوتھ کے صدر عبدالودود عامر،پیپلز پارٹی کلرسٹی کے جنرل سیکرٹری نصیر اختر بھٹی،پی ٹی آئی کے شیخ برہان اور شیخ نزاکت کے علاوہ معروف تاجر سیٹھ عبدالروف بھی موجود تھے۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی،بجلی کے بلوں میں مسلسل اضافے کیخلاف کلرسیداں میں احتجاج
Jul 07, 2024