اسلام آباد( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے )چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 72 واں اجلاس منعقد ہواجس میں مالی سال25۔ 2024 کے بجٹ تخمینہ جات کی منظوری دے دی گئی ۔ڈویلپمنٹ بجٹ سے قذافی سٹیڈیم، نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لیے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے 4 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں ۔پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے 12 گراونڈز کی خود دیکھ بھال کرے گا۔پاکستان بھر میں 100 گرانڈز کے عملے اور دیکھ بھال کے لئے فنڈز بھی پی سی بی دے گا۔ڈومیسٹک کرکٹ کے کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ویمن کرکٹ کا بجٹ پہلی بار 70 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کر دیا گیا،ویمن کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔اجلاس میں اگلے برس پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے بارے بریفنگ دی گئی ۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں قذافی سٹیڈیم ، نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر بھی بریف کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کیا جائے گا۔ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن سے شائقین کرکٹ کے لئے سہولتیں بہتر ہوں گی،چیمپئنز ٹرافی کے لئے انٹرنیشنل معیار کے مطابق انتظامات کئے جائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ٹورنامنٹس اور میچوں کے نئے وینیوز پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈومیسٹک اور ویمن کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لئے کئے گئیاقدامات کے بارے آگاہ کیا۔ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔سیکرٹری بورڈ و چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر اور چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی نے بجٹ کے اہم خدوخال اور دیگر امورکے بارے میں بریفنگ دی۔بورڈ آف گورنرز کے ممبران چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سجاد علی کھوکھر،ظفر اللہ، تنویر احمد،طارق سرور،ڈاکٹر انوار احمد خان، محمداسماعیل قریشی،معراج محمود، اسامہ اظہر اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے اجلاس میں شرکت کی۔
محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، بجٹ کی منظوری
Jul 07, 2024