وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور میں پھل اور سبزیاں مہنگی ہو گئیں۔ وفاقی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں پھل اور سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ اسلام آباد میں ٹماٹر، آلو، پیاز، ادرک، توری، اور دیگر اقسام کی سبزیوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ ٹماٹر کی قیمت 38 روپے فی کلو اضافے کے بعد 168 روپے فی کلو ہو گئی. آلو کی قیمت 10 روپے فی کلو اضافے کے ساتھ 90 روپے فی کلو ، پیاز کی قیمت 100 روپے فی کلو اور ہری مرچ 92 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے۔نئے نرخ نامے کے مطابق ادرک کی قیمت 692 روپے فی کلو، اور لہسن کی قیمت 356 روپے فی کلو ہے۔ توری کی قیمت 96 روپے فی کلو، اور ٹینڈا کی قیمت 185 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز لاہور انتظامیہ کی جانب سے سبزیوں اور پھلوں کے سرکاری ریٹ جاری کیے گئے تھے۔جن میں درجہ اول پیاز کی قیمت 110 روپے فی کلو، آلو 80 روپے ، ٹماٹر 110 روپے ، اور سبز مرچ 90 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔سرکاری نرخ نامے کے مطابق ادرک کی قیمت 650 روپے ، لہسن دیسی 285 روپے اور کھیرا فارمی 60 روپے فی کلو ہے۔ دیگر سبزیوں میں میتھی 120، بینگن 65، پھول گوبھی 120، شلجم 70 روپے فی کلو ہیں۔اس کے علاوہ شملہ مرچ 170 اور لیموں دیسی 330 روپے فی کلو ہیں، مٹر 235، گھیا کدو 60، گاجر چائنہ 70، اور کریلا 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں ۔پھلوں کی قیمتوں کی بات کریں تو سیب کالا کولو 325، آڑو 190، آلو بخارا 175 روپے فی کلو ہیں۔ اسی طرح فالسہ 190، تربوز 40، اور کھجور ایرانی 470 روپے فی کلو ہیں، جبکہ آم سندھڑی 150، آم دوسہری 160، اور آم انور رٹول 170 روپے فی کلو ہیں۔سرکاری ریٹ لسٹ میں کیلا درجہ اول فی درجن 130 روپے میں دستیاب ہے۔ بجٹ کے بعد مہنگائی آسمانوں سے باتیں کر رہی ہے. جس کا برائے راست اثر عام عوام کی روزانہ کی زندگی پڑ رہا ہے۔