وطن پر جان قربان کرنیوالے حوالدار لالک جان کا 25واں یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے

Jul 07, 2024 | 18:29

ویب ڈیسک

راولپنڈی: وطن پر جان قربان کرنے والے حوالدار لالک جان کا 25واں یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے۔ دشمنوں کے دانت کھٹے کرنے والے قوم کے بیٹے نے کارگل کی جنگ میں تاریخ رقم کردی۔

تفصیلات کے مطابق آج سے 25سال قبل حوالدار لالک جان نے 7 جولائی 1999ء کے روز بھارت کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی۔ انہوں نے بھارت کے خلاف رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کی تھیں اور بے جگری سے لڑ کر شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے ایک اور بہادر سپوت کیپٹن کرنل شیر خان کے ساتھ حوالدار لالک جان نے بھی جنگ میں شرکت کی اور درجن بھر ساتھیوں کے ساتھ مل کر مشکوہ نلہ کی پوسٹ پر کمانڈر کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے وطنِ عزیز کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیا۔جنگ کارگل کے دوران مسلسل 5 روز تک 2 سے 6 جولائی 1999 تک حوالدار لالک جان اپنے ساتھیوں سمیت دشمن کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے رہے جہاں درجۂ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ تھا اور یخ بستہ ہواؤں اور جان لیوا زخموں کے باوجود کمال جرأت کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ حوالدار لالک جان نے سخت سردی میں بہادری سے کئی گھنٹوں تک ہلکی مشین گن سے دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ دوسری جانب سے بھارتی فوج نے بھی حوالدار لالک جان پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا تھا۔بھارتی فوج کے حملے کے نتیجے میں حوالدار لالک جان شدید زخمی ہوگئے لیکن مورچہ نہیں چھوڑا اور آخر کار 7 جولائی کے روز حوالدار لالک جان نے دفاعِ وطن کے عظیم فریضے کی انجام دہی کے دوران جامِ شہادت نوش کر لیا۔ ناقابلِ فراموش خدمات کا اعتراف کیا گیا۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ حوالدار لالک جان کو نشانِ حیدر سے نوازا گیا جن کا یومِ شہادت آج منایا جارہا ہے اور قوم انہیں سلام پیش کررہی ہے۔ کارگل کے محاذ پر آپ نے بھرپور دادِ شجاعت دی۔آپ کی خدمات پاکستان کیلئے قابلِ فخر ہیں۔

مزیدخبریں