پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بابو صابو انٹرچینج پر ٹرک کھڑے کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقارعلی چودھری نے کی۔ مظاہرین نے مطالبات کے حق میں کئی گھنٹے تک بند روڈ پر دھرنا دیئے رکھا اور شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے نے بھائی پھیرو اور ایمن آباد کے قریب وزن کرنے والے کانٹوں پر درجنوں ڈنڈا برداربٹھا رکھے ہیں جو زائد وزن کا بہانہ بنا کرفی ٹرک ایک ہزار سے پانچ ہزار روپے تک وصول کرتے ہیں جبکہ یہ لوگ ٹھیکے داربھی نہیں ۔ ان کانٹوں پر ٹرکوں سے ڈیزل چوری کرنے کی بھی شکایات عام ہیں ۔ مظاہرین نے کہا کہ دوسری جانب ڈاکو سرعام قومی شاہراؤں پر ٹرک اور کینٹیرز لوٹ رہے ہیں اور پولیس اس سلسلے میں کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات منظور نہیں کئے جاتے وہ ہڑتال اور دھرنا جاری رکھیں گے ۔