ایران کے دارالحکومت تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایران کے صدراحمدی نژاد نے کہا کہ مصدقہ معلومات کے مطابق امریکہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو تباہ کرنا چاہتا ہے اور علاقے میں اپنے قیام کو طول دینا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح ہے کہ امریکہ نائن الیون کے بعد نوآبادیاتی عزائم کے ساتھ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بہانے داخل ہوا اوراس کا مقصد اپنی اوراسرائیل کی گرتی ہوئی معیشت کو تباہ ہونے سے بچانے کی کوشش ہے۔ ایران کے ایٹمی پروگرام پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں احمدی نژاد کا کہنا تھا کہ کسی طرح کی پیشکش ایٹمی افزودگی سے روکنے پر قائل نہیں کرسکتی۔