بھارت سے غیراعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچنے کے بعد کابل میں بات چیت کرتے ہوئے امریکی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود شدت پسندوں کے محفوظ ٹھکانوں سے امریکی فوجیوں پر حملے کے معاملے پرامریکہ کے صبر کا پیمانہ اپنی انتہا کو پہنچ رہا ہے۔ افغان ہم منصب عبدالرحیم وردک سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں موجود حقانی نیٹ ورک کی محفوظ پناہ گاہوں پر تحفظات بڑھتے جارہے ہیں جن کو ختم کئے بغیر افغانستان میں استحکام ممکن نہیں ۔ امریکی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ امریکی افواج پر حملوں میں ملوث حقانی نیٹ ورک کے خلاف پاکستان کو کارروائی کرنا ہوگی۔ پینیٹا کا کہنا تھا کہ رواں سال ستمبر کے آخر تک تئیس ہزار امریکی فوجی وطن واپس لوٹ جائیں گے۔