پاکستان او چین کے درمیان 4 معاہدوں پر دستخط‘ صدر کی کرزئی‘ امام رحمانوف سے ملاقاتیں

Jun 07, 2012

سفیر یاؤ جنگ
بیجنگ (ایجنسیاں + نوائے وقت نیوز) پاکستان اور چین نے تربیلا سے اسلام آباد کو پانی کی فراہمی، سندھ میں مجوزہ نئے شہر ذوالفقار آباد میں خصوصی اقتصادی زون کے قیام اور آئی 15 سیکٹر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر 6000 فلیٹوں کی تعمیر کے لئے مفاہمت کی تین یادداشتوں اور صوبہ سندھ میں نہروں اور بیراجوں کی بھل صفائی کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ دونوں ممالک کے متعلقہ حکام نے بدھ کو یہاں ایم او یوز اور معاہدے پر دستخط کئے۔ صدر آصف زرداری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے تعلیم بہتر ہتھیار ہے، پاکستان اور افغانستان مل کر ہی مشترکہ چیلنج سے نمٹ سکتے ہیں، 2014ءکے بعد افغانستان میں تجارتی سرگرمیاں اہم ہوں گی جبکہ افغان صدر حامد کرزئی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مسحکم کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاک افغان صدور نے بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ملاقات میں کیا۔ صدر آصف زرداری نے افغان صدر کو افغانستان میں امن و استحکام کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے تعلیم بہتر ہتھیار ہے۔ نصابی کتب کو لے جانے والے کنٹینرز کی سپلائی بحال کی جا رہی ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ افغان سکیورٹی فورسز کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مزید تعاون کے لئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے قیدیوں اور زیر حراست افراد کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے کمشن تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر آصف زرداری اور تاجک صدر امام علی رحمانوف نے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماﺅں نے خطے کے ممالک کے درمیان سڑک، ہوائی اور ریل کے رابطوں کے ذریعے علاقائی رابطے مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا تاکہ باہمی تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ دونوں رہنماﺅں نے سہ فریقی راہداری معاہدے پر دستخطوں پر زور دیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ سڑک، ریل اور فضائی رابطوں کا فقدان دوطرفہ اقتصادی تعلقات، عوامی روابط اور سیاحت کے فروغ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ دریں اثناءصدر زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش اور متبادل توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں‘چینی سرمایہ کاروں کے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے پاک چین سدا بہار دوستی کو جامع اقتصادی روابط میں تبدیل کرنے میں بھی مدد ملے گی‘ پاکستان پانی کی کمیابی کے تناظر میں آبی وسائل کے تحفظ کیلئے اس شعبے میں چینی سرمایہ کاری کا منتظر ہے ‘ چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ہر طرح تحفظ فراہم کریں گے۔وہ چین کی چار معروف کاروباری کمپنیوں کے انتظامی سربراہان سے ملاقاتوں کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ دریں اثنا وزیر تجارت مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ علاقائی تجارت کا فروغ پاکستان کی ترجیح ہے جس سے پاکستان اور چین کے تجارتی اور معاشی تعلقات کو دوام حاصل ہو گا۔ یہ بات انہوں نے چین میں کن منگ میں ہونے والے ساتویں چائنا ساﺅتھ ایشیا بزنس فورم سے اپنے خطاب میں کیا۔
مزیدخبریں