کابل (اے پی اے) اتحادی و افغان فورسز نے افغانستان کے مختلف صوبوں میں مشترکہ آپریشنز میں 55 طالبان کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے‘ ایک ہوٹل میں بم دھماکے سے 3 افراد ہلاک‘ 15 زخمی جبکہ امریکی ڈرون حملے میں 3 شہری مارے گئے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے کابل‘ ننگرہار‘ جوزجان‘ قندھار‘ زابل اور لوگر میں جاری آپریشن کلین اپ میں 55 طالبان کو شہید اور 11 کو گرفتار کیا ہے جبکہ 12 زخمی ہوئے ہیں۔ دوران آپریشن فورسز نے طالبان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔ ادھر مزار شریف میں ایک ہوٹل کے قریب زوردار دھماکے سے 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب صوبہ کنڑ میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں 3 بچے لقمہ اجل بن گئے۔ تازہ حملہ پاکستان سے ملحقہ سرحدی صوبے میں جمعرات کے روز کیا گیا جس میں ایک خاتون سمیت 6 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جاسوس طیارے نے شدت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنانے کیلئے کارروائی کی تاہم بدقسمتی سے افغان شہری زد میں آگئے۔
افغانستان : امریکی ڈرون حملہ‘ بم دھماکہ‘ 3 بچوں سمیت 6 جاں بحق
Jun 07, 2013